11:55:21 AM, 20-Apr-2024
+91-9472477241, 9973918786     info@jamiah.in
اردو English हिन्दी
فارغین طلبہ پورٹل
اہم خبریں / حالات حاضرہ

جامعہ حسینیہ مدنی کشن گنج میں قاری عثمان منصورپوری کی رحلت پر تعز يتی نشست (2021-05-22)

حضرت امیر الہند کا سانحہ ارتحال صرف ایشیاء کے دو عظیم ادارے کے لئے ہی باعث خسارہ نہیں ہے بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، گوناں گوں خصوصیات کے محتمل شخصیت سے آج ہم محروم ہوگئے، تعلیم و تعلم، درس و تدریس، اصلاح و ارشاد،نیز ام المدارس کی انتظام و انصرام کے ساتھ ساتھ، آپ نے جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سےملکی، ملی و سماجی ہر میدان میں ہر اعتبار سے، امت مسلمہ ہندیہ کی راہنمائی و قیادت کا فریضہ بحسن وخوبی انجام دیا ہے؛ مکمل سادگی،خلوص اور اصولی انداز میں آپ نے جو نمایاں خدمات انجام دیا ہے،رہتی دنیا تک سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔

آج (٩شوال١٤٤٢ھ ٢٢مئی٢٠٢١ء بروز ہفتہ) جمعیۃ علماء کشن گنج کی دعوت پر علاقے کے مرکزی ادارے جامعہ حسینیہ مدنی نگر کشن گنج بہار میں صدر جمعیۃ حضرت امیر الہند رحمۃ اللہ علیہ کے لئے محدود افراد پر مشتمل تعزیتی نشست زیر صدارت حضرت مولانا غیاث الدین قاسمی صاحب منعقد کی گئی،جس میں علاقے کے چیدہ چنیدہ افراد نے شرکت کی، ذیل میں اس نشست کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے :

مولانا ریاض الدین قاسمی صاحب کی تلاوت سے اس بابرکت مجلس کا آغاز ہوا، اسکے بعد مختلف علماء کرام نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار فرمایا، جس میں کلیدی خطاب صدر جمعیۃ علماء بہار و رکن عاملہ جمعیۃ علماء ہند حضرت اقدس مفتی جاوید اقبال قاسمی مدظلہ العالی (خلیفہ حضرت فدائے ملت) کا ہوا؛ حضرت نے قاری صاحب کی پوری زندگی کا نچوڑ سامعین کے سامنے پیش کردیا،آپ نے امیر الہند کی خدمات پر بھی مفصل خطاب فرمایا،خاص طور پر انکی صدارت میں جمعیۃ علماء ہند نے جو انقلابی کارہائے نمایاں سرانجام دیا ہے،اسکی نشان دہی فرمائی،(اسے مستقل طور پر شائع کیا جائے گا ان شاء اللہ_بلال) ماحصل یہی ہےکہ آپ کے دور صدارت میں جمعیۃ علماء بہت ہی مضبوط و منظم ہوئی ہے،دائرہ کار میں وسعت کے ساتھ ساتھ اسکی افادیت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے،دہشت گردی کے نام پر اسلام کو بدنام کرنے کا منصوبہ ہو، اصلاح معاشرہ ہو، اوپن اسکول کا قیام ہو یا یوتھ کلب، حکومت کو اپنی بات منوانا ہو یا پھر کوئی بھی ہنگامی کام،کوئی بھی چیلنج ہو، ہر محاذ پر جمعیت نےآپ کے زیر سایہ ڈٹ کر اسکا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔
مفتی صاحب نے ایک اور اہم بات ذکر کی کہ قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو یہ مقام یہ مرتبہ محض قرآن مجید کی محبت اور لگاؤ سے ملا،قرآن سے آپکا اور آپ کی فیملی کا اٹوٹ رشتہ رہا ہے، آج ہمارے علاقے میں قرآن پاک سے بہت بےاعتنائی برتی جارہی ہے،اسی لئے تو اس قدر مشکالات کے شکار ہورہے ہیں، ہمیں قرآن سے اپنا رشتہ مضبوط کرنا پڑیگا۔
مفتی صاحب کی تقریر سے مرحوم کی شخصیت ہم نادیدہ افراد پر بھی پوری طرح اجاگر ہوگئی،اسکے بعد مختلف علماء نے اپنی بات پیش کی، جنکا خلاصہ تحریر کیا جاتا ہے، مولانا خالد انور صاحب (پورنیہ) نے اپنے خیالات کا اظہار فرماتے ہوئے حضرت قاری صاحب کی شب بیداری اور سفر و حضر میں تہجد کی پابندی،نیز چھوٹوں پر شفقت اور محبت کے پہلو کو اجاگر کیا، مولانا خالد انور صاحب (جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج) نے علاقہ کشن گنج سے حضرت کے والہانہ لگاؤ اور دلی محبت کا آنکھوں دیکھا حال بیان فرمایا، مولانا منظر عقیل صاحب نے سادگی کے سلسلے میں بات کی،جبکہ مولانا ہاشم قاسمی صاحب نے اتباع سنت اور فنا فی الرسول کا حال ذکر کیا،مولانا ریاض الدین قاسمی صاحب نے آپ کی شفقت،سادگی اور بےتکلفی کی منظر کشی کی؛ اخیر میں صدر جمعیۃ علماء کشن گنج حضرت اقدس مولانا محمد غیاث الدین قاسمی صاحب مدظلہ العالی (خلیفہ حضرت فدائے ملت) کا خطاب ہوا ،پھر قرآن خوانی ہوئی اور آپ ہی کی دعا پر مجلس برخواست ہوئی؛ حضرت صدر مجلس نے سب سے اہم اور اصل مقصد کی طرف حاضرین و غائبین کی توجہ مبذول فرمائی؛ قاری صاحب سے اپنے تعلقات ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ "حضرت قاری صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی نمونہ ہے نمونہ، ہمیں آپ کے نقش پا چلنے کی ضرورت ہے، حضرت کی سادگی و تواضع تو ضرب المثل ہے ہی، آپ میں احتیاط بھی حد درجے کا تھا، بس اپنے کام سے کام رکھتے، حتی کہ ہم نے آپ کے مخالفین کی زبان سےبھی آپ کی تعریف سنی،وہ بھی تعریف کرتےنظر آئے،حضرت اچھی زندگی گزار گئے"؛(اللہ نہیں بھی آپ کی طرح اچھی زندگی گزارنے والا بنادے آمین) اسکے بعد علاقے میں پنپتے قادیانی جراثیم کے پیش نظر قاری صاحب کی تحفظ ختم نبوت کے مشن کو خاص طور پر بیان فرمایا اور علماء کرام کے سامنے فدائے ملت کے توسط سے اپنے درد دل کا اظہار فرمایا، تعاقب مرزائیت کے لئے حضرت قاری صاحب کے نقش قدم چلتے ہوئیے مسلسل جد وجہد کرنے کا سب سے عزم بھی لیا۔(اللہ تعالیٰ اس کار خیر میں ہم سب کا حصہ لگائے آمین)

آپ کی دعا پر مجلس اختتام پزیر ہوئی، اللہ تعالیٰ ہم سب کے اس جمع ہونے کو قبول فرمائے اور حضرت امیر الہند کے مساعی جمیلہ کو اللہ قبول فرمائے درجات بلند فرمائے آمین ثم آمین۔

مذکورہ شخصیات کے علاوہ اس مجلس میں مولانا ابو سالک ندوی، مولانا دلنواز صاحب، مولانا مرشد صاحب، مولانا وصی صاحب ، جناب سفیر الدین صاحب، راقم الحروف بلال احمد نبراس، اور دو تین افراد شریک رہے۔


درج ذیل خبر پڑھنے کے لئے ہیڈ لائن پر کلک کریں

Jamia Husainia Madni Nagar Kishanganj
+91-9472477241, 9973918786
info@jamiah.in
www.jamiah.in

Copyright © 2019 Jamia Husainia Kishanganj                   Website Developed By : Madni Soft Solutions (08273074473)

  • QR Code
  • Donation
  • Whats App
  • Facebook
  • Youtube
  • Twitter
  • Instagram